شہباز شریف نے پورے پنجاب کا بیڑہ غرق کردیا، وزیراعلیٰ محمود خان
بونیر (92 نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے ن لیگی اور پیپلزپارٹی قیادت کو نشانے پر رکھ لیا، محمود خان کہتے ہیں، شہباز شریف نے پورے پنجاب کا بیڑہ غرق کردیا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے بونیر میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا، پچھلے ہفتے بے روزگاروں کا ٹولہ میرے آبائی ضلع آیا، لیکن سوات کے باشعور عوام نے اسے مسترد کردیا۔ اس ٹولے کو بتانا چاہتا ہوں کہ عمران خان کا پیغام گھر گھر تک پہنچ چکا ہے، اب انہیں مایوسی کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔ دوسری سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کی جوق در جوق پی ٹی آئی میں شمولیت اس بات کا واضح ثبوت ہے۔
اُنہوں نے کہا، پی ڈی ایم والوں کو شرم آنی چاہیے، جنہوں نے اپنے جلسے کے لئے مدرسے کے چھوٹے چھوٹے بچوں کو اکٹھا کیا، شہباز شریف نے خیبر پختونخوا میں عسکریت پسندی کے دوران صوبے کے عوام پر پنجاب داخل ہونے پر پابندی لگا رکھی تھی، آج وہ کس منہ سے خیبرپختونخوا کے عوام کی بات کر رہے ہیں؟۔ مزید کہا کہ، جنہوں نے پنجاب کا بیڑا غرق کر دیا، وہ کیا خیبر پختونخوا کو ٹھیک کرنے کی بات کرتے ہیں۔
محمود خان نے کہا، مالم جبہ اسکینڈلز کی باتیں کرنے والے وہاں پر صوبائی حکومت کی فراہم کردہ سیاحتی سہولیات سے محظوظ ہو رہے تھے، لٹیروں کی پارٹی میں شامل ہونے والے بھی پی ٹی آئی پر تنقید کر رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا مزید بولے کہ، جب تک عمران خان زندہ ہے لٹیرے اقتدار میں نہیں آسکتے، 25 جولائی کو آزاد کشمیر بھی کپتان کا ہوگا اور 2023 میں پورا ملک کپتان کا ہوگا۔