Tuesday, April 30, 2024

شہباز شریف نے اپنے خلاف خبرشائع کرنے پر برطانوی اخبار کو نوٹس بھجوا دیا

شہباز شریف نے اپنے خلاف خبرشائع کرنے پر برطانوی اخبار کو نوٹس بھجوا دیا
July 26, 2019
 لاہور (92 نیوز) شہباز شریف نے اپنے خلاف خبر شائع کرنے پربرطانوی اخبار ڈیلی میل کو نوٹس بھجوا دیا۔ شہباز شریف کے لندن میں وکلاء نے قانونی کاروائی کا نوٹس تیار کیا جس میں اخبار کے رپورٹر ڈیوڈ روز کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔ چودہ جولائی دو ہزار انیس کو شائع ہونے والی خبر پر بھیجے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ڈیوڈ روز کی خبر جھوٹے الزامات پر مبنی ہے۔ متن میں لکھا گیا ہے کہ دو ہزار پانچ کے زلزلے کے بعد بحالی کے منصوبوں میں ڈیفیڈ کا پلیٹ فارم استعمال کرتے ہوئے برطانوی ٹیکس دہند گان کا پیسہ ناجائز طور پر استعمال کرنے کا الزام بے بنیاد اور سراسر جھوٹ ہے۔ شہباز شریف نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ میرے خلاف کسی بھی الزام میں کوئی صداقت یا کوئی ثبوت تھا تو فرد جرم لگا کر مجھے گرفتار کیا جانا چاہیے تھا۔ خبر صرف میری اور میرے خاندان کی سیاسی ساکھ اور کردارمسخ کرنے کے لیے گھڑی گئی جس کے پس منظر میں پاکستان کی موجودہ حکمران قیادت ہے۔ متن میں لکھا گیا ہے کہ بقول برطانوی صحافی اسے اعلیٰ سطح پر حساس ترین دستاویزات تک رسائی دی گئی۔ جیلوں میں قیدیوں تک سے بھی ملوایا گیا۔ صحافی نے خبر شائع کرنے سے قبل ہمارا مؤقف معلوم کرنے کی زحمت بھی نہیں کی اور جس دور کا ذکر کیا گیا وہ برطانیہ میں جلا وطنی میں تھا۔ نوٹس میں شہبازشریف نے کہا ہے کہ ان کی ذاتی ساکھ، شہرت اور پیشہ وارانہ کردار سب سے بڑھ کر ہے، اسے بچانے کے لیے ہر حد تک جائیں گے۔ انگلینڈ اور ویلز کی عدالتوں کے ذریعے سنگین اور بد ترین الزامات لگانے والوں کو قانونی انجام کا سامنا کرنا ہو گا۔