Friday, December 3, 2021
English News آج کا اخبار براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی
English News آج کا اخبار
براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی

شہباز شریف ناکام وزیراعلیٰ ہیں، عوام کی دل آزاری پر معافی مانگیں: خورشید شاہ

شہباز شریف ناکام وزیراعلیٰ ہیں، عوام کی دل آزاری پر معافی مانگیں: خورشید شاہ
January 24, 2018

اسلام آباد (92 نیوز) اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کی وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی پریس کانفرنس پر تنقید۔ بولے دنیا کے ہر ملک میں کرائم ہوتا ہے لیکن کہیں ایسے تالیاں نہیں بجائی جاتیں۔ شہباز شریف ناکام وزیراعلیٰ ہیں وہ بیس کروڑ عوام کی دل آزاری پر معافی مانگیں۔

اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی گزشتہ روز کی پریس کانفرنس کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

ان کا کہنا تھا کہ دنیا کے ہر ملک میں کرائم ہوتا ہے لیکن کہیں ایسے تالیاں نہیں بجائی جاتیں اور نہ مبارکبادیں لی جاتی ہیں۔ انہیں تالیاں بجتی دیکھ کر شرم آرہی تھی۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ وہ سیاست نہیں، پارلیمنٹ میں انسانی حقوق کی بات کر رہے ہیں، اگر دوسری باتوں پر قرارداد مذمت آتی ہے تو شہبازشریف کے اس اقدام پر بھی قرارداد آنی چاہئیے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے بیس کروڑ عوام کی دل آزاری کی جس پر وہ قوم سے معافی مانگیں۔

اس سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ شہبازشریف نے تالیاں بجوا کر زینب کے والدین کے زخموں پر نمک چھڑکا انہیں سیاستدان کہلوانے پر شرم آنی چائیے۔

زینب کے قاتل دباؤ کے باعث پندرہ دن بعد پکڑے گئے اور اس پر تالیاں بجوائی گئیں۔ شہباز شریف کو اخلاقیات کا کچھ پتہ نہیں۔