Friday, April 26, 2024

شہباز شریف فیملی کیخلاف منی لانڈرنگ کیس، گرفتار ملزم پر فردجرم عائد

شہباز شریف فیملی کیخلاف منی لانڈرنگ کیس، گرفتار ملزم پر فردجرم عائد
December 20, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) لاہور کی احتساب عدالت نے شہباز شریف فیملی کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار ملزم پر فردجرم عائد کردی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر گواہوں کو طلب کرلیا، جبکہ حمزہ شہباز کی بریت کی درخواست پر بھی دلائل طلب کر لئے ہیں۔

شہبازشریف فیملی کے خلاف اہم مقدمات پر سماعت ہوئی، اپوزیشن لیڈر شہبازشریف رمضان شوگر ملز اور منی لانڈرنگ کیس میں لاہور کی احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔

اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کی کمر درد کے باعث حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی گئی۔

عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں احمد علی پر فرد جرم عائد کر دی ملزم نے صحت جرم سے انکار کر دیا۔

رمضان شوگر ملز کیس میں عدالت نے ریمارکس دئیے اگر درخواست گزار کے نمائندے مقرر ہیں تو وہ پیش ہوں۔ اگر نمائندے نہیں پہنچتے تو ملزمان خود عدالت میں پیش ہو کر حاضری مکمل کروائیں۔

میڈیا سے گفتگو میں عطا تارڑ نے کہا فواد چودھری مسلم لیگ ن میں شمولت کی کوششیں کرتے رہے ہیں۔

عدالت نے آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل کیس کی سماعت بھی 10 جنوری تک ملتوی کر دی۔

پولیس کی جانب سے عدالت کے اندر اور باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔