شہباز شریف سے پوچھیں 25 ارب کہاں سے آئے؟، تو کہتے ہیں پنجاب کی خدمت کی، فواد
اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کا کہنا ہے شہباز شریف سے پوچھیں پچیس ارب کہاں سے آئے؟، کہتے ہیں انہوں نے پنجاب کی خدمت کی۔ شہباز شریف الزامات کا جواب اداروں اور میڈیا کو دیں۔
سوموار کے روز نیوز کانفرنس کے دوران کے انہوں نے کہا، آج شہباز شریف نے پریس کانفرنس میں الزامات لگائے، ان کی جائیدادیں لندن سے برآمد ہوتی ہیں، نہیں معلوم ان کی اور جائیدادیں کتنی اور کہاں ہیں۔ پاکستان سے اربوں روپیہ چوری کر کے باہر لے جایا گیا، بہت جلد ان کے بچوں کے ساتھ ساتھ پوتوں کے اثاثے بھی سامنے آئیں گے۔ شہباز شریف پریس کانفرنس کرنے کی بجائے شرمندہ ہوں۔
اُنہوں نے کہا، مریم نواز کشمیر میں جو پرچار کررہی ہیں اس کا سر ہے نہ پیر۔ نون لیگ الیکشن میں دھاندلی کا واویلا ابھی سے مچانے لگی، بلاول بھٹو میدان سے بھاگ گئے، ان کے تو امیدوار ہی پورے نہیں۔
وزیر اطلاعات نے کہا، کشمیر میں پی ٹی آئی کی پوزیشن بہت مستحکم ہے، پی ٹی آئی واحد جماعت ہے جس کا ہر نشست پر امیدوار ہے۔ بلاول بھٹو بھی کشمیر میں اپنی پارٹی کی پوزیشن دیکھ کر بھاگ گئے۔
فواد چودھری بولے کہ، کوشش کر رہے ہیں کابل میں جو بھی فیصلہ ہو اس سے افغانستان میں امن ہو، اس وقت عالمی قوتیں پاکستان کے کردار کو سراہ رہی ہیں، وزیراعظم نے کہا تھا ہم صرف امن میں پارٹنر بنیں گے، امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے اپنے بیان میں پاکستان کی تعریف کی۔