Friday, October 7, 2022

شہبازشریف کی گرفتاری پر میئرفیصل آباد کی احتجاج کی کال بری طرح ناکام

شہبازشریف کی گرفتاری پر میئرفیصل آباد کی احتجاج کی کال بری طرح ناکام
فیصل آباد ( 92 نیوز ) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف کی گرفتاری پر فیصل آباد میں میئر رزاق ملک کی احتجاج کی کال بری طرح ناکام ہو گئی۔ میئر نے شہر بھر سے لیگی رہنماؤں کو جمع ہونے کی ہدایت کی لیکن مقررہ وقت پر کوئی بھی رہنما کارپوریشن آفس نہ پہنچا، کئی گھنٹے انتظار کے بعد خفت مٹانے کے لئے میئر نے چند درجن افراد کے ساتھ گاڑیوں پر مشتمل ریلی نکال کر خانہ پُری کی۔ سابق وزیر اعلی شہباز شریف کی گرفتاری پر میئر فیصل آباد رزاق ملک کو احتجاج کی کال ناکام ہونے پر خفت اٹھانا پڑ گئی، میئر نے قیادت کے سامنے نام بنانے کے لیے تمام لیگی رہنماؤں کو احتجاج کے لیے اکٹھا ہونے کا کہا مگر مقررہ وقت تک کوئی کارکن یا رہنما میونسپل کارپوریشن کے دفتر نہ پہنچا۔ ناکامی سامنے نظر آئی تو احتجاج کا وقت تبدیل کر دیا گیا مگر ایک بار پھر لیگی رہنماؤں نے مثبت جواب نہ دیا تو میئر خود ہی چند درجن افراد کے ساتھ گاڑیوں پر ریلی لے کر نکل کھڑے ہوئے۔ میئر فیصل آباد کی جانب سے ضلع کونسل چوک میں چند منٹ کا احتجاجی مظاہرہ کیا اورشہباز شریف کی رہائی کے لیے نعرے بازی کی۔ احتجاج میں کارکنوں کی عدم دلچسپی اور لیگی رہنماؤں کے شرکت سے گریز نے مرکزی قیادت کے لیے کئی سوال کھڑے کر دیئے ہیں۔