Thursday, September 19, 2024

شوال: سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 21 دہشتگرد ہلاک، اہم چوٹیوں اور راستوں پر پاک فوج کا کنٹرول ہے: آئی ایس پی آر

شوال: سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 21 دہشتگرد ہلاک، اہم چوٹیوں اور راستوں پر پاک فوج کا کنٹرول ہے: آئی ایس پی آر
March 8, 2016
اسلام آباد (نائنٹی ٹو نیوز) سیکیورٹی فورسز نے شوال میں پاک افغان سرحد کے قریب ایک بڑی کاروائی کر کے 21 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ کارروائی میں پاک فضائیہ کے جیٹ طیاروں اور آرمی ایوی ایشن کے گن شپ ہیلی کاپٹروں نے حصہ لیا۔ شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب میں سکیورٹی فورسز کو کامیابیاں ملنے کا سلسلہ جاری ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پیر کو رات گئے سکیورٹی فورسز نے شوال میں ایک بڑی کارروائی کی، کارروائی پاک افغان سرحد کے قریب کی گئی جس میں 21دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق انٹیلیجنس معلومات کی بنیاد پر کی گئی اس کارروائی میں پاک فضایئہ کے جیٹ طیاروں اور آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹروں نے حصہ لیا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شوال کی اہم چوٹیوں اور راستوں پر اب پاک فوج کا کنٹرول ہے اور دہشتگردوں کا محاصرہ اور ان کا پیچھا کر کے انہیں ہلاک کیا جا رہا ہے۔ جون 2014 میں شروع ہونے والے آپریشن میں اب تک 3ہزار 500 سے زائد دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا ہے جبکہ دہشت گردوں کے 900 سے زائد ٹھکانے بھی تباہ کئے گئے۔ آپریشن ضرب عضب کے دوران اب تک سیکورٹی فورسز کے 495 جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا۔