Saturday, July 27, 2024

شناختی کارڈ فیس کیس ، وزیرداخلہ کی آئندہ منگل تک ریلیف فراہم کرنے کی یقین دہانی

شناختی کارڈ فیس کیس ، وزیرداخلہ کی آئندہ منگل تک ریلیف فراہم کرنے کی یقین دہانی
March 26, 2018

 اسلام آباد (92 نیوز) سپریم کورٹ میں سمندر پار پاکستانیوں سے شناختی کارڈ کی اضافی فیس وصولی پر ازخود نوٹس کیس میں وزیر داخلہ نے آئندہ منگل تک ریلیف فراہم کرنے کی یقین دہانی کرا دی ۔

 چیف جسٹس ثاقب ںثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سمندر پار پاکستانیوں سے شناختی کارڈز کی اضافی فیس کی وصولی از خود نوٹس کی سماعت کی ۔

  وزیر داخلہ احسن اقبال عدالت میں پیش ہوئے ۔

 چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ اوورسیز پاکستانی بے تحاشا زرمبادلہ پاکستان بھجواتے ہیں انہیں ہر حال میں ریلیف دیا جائے ۔

 وزیر داخلہ احسن اقبال نے آئندہ منگل تک ریلیف فراہمی کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کیبنٹ کی آئندہ میٹنگ میں شناختی کارڈز کی فیسیں کم کرانے کی منظوری کرا لیں گے۔

 سپریم کورٹ نے سمندر پار پاکستانیوں کو ریلیف دینے سے متعلق رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی ۔

 دوران سماعت چیف جسٹس نے وفاقی وزیر داخلہ سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا آپ بڑے غصے میں بیٹھے ہیں’ آپ بلانے پر ناراض تو نہیں ۔

 اس پر احسن اقبال نے جواب دیا کہ ہم نے ناراض ہو کر کہاں جانا ہے’ ہم عدالتوں کا احترام کرتے رہے ہیں ۔

 چیف جسٹس نے استفسار کیا آپ نے حجرہ شاہ مقیم کیس دیکھا۔ سیاسی لوگ کیا کر رہے ہیں ۔ انہیں دیکھ کر ہمیں شرم آتی ہے۔ اس پر وفاقی وزیر داخلہ نے کہا آپ کی تشویش درست ہے۔ میں بھی عوامی مفاد کا ایک معاملہ آپ کے سامنے رکھنا چاہتا ہوں۔ سات سال سے پوسٹ گریجویٹ کالج کے منصوبے منظور کرا رکھے ہیں۔ لڑکوں کا کالج بن گیا لیکن عدالتی حکم کے باعث لڑکیوں کا کالج نہیں بن سکا۔

 اس پر چیف جسٹس نے کہا ایک ہفتے میں مسئلہ حل کر دیتے ہیں ۔