Saturday, July 27, 2024

شمالی کوریا کی فوج کا 70ویں سالگرہ پر ملٹری طاقت کا شاندار مظاہرہ

شمالی کوریا کی فوج کا 70ویں سالگرہ پر ملٹری طاقت کا شاندار مظاہرہ
February 8, 2018

پیانگ یانگ ( 92 نیوز ) شمالی کوریا کی فوج نے اپنی سترویں سالگرہ پر ملٹری طاقت کا شاندار مظاہرہ کیا ۔  دارالحکومت پیانگ یانگ میں پریڈ کے دوان بین البراعظمی میزائلوں کو دنیا کے سامنے پیش کردیا گیا ۔

شمالی کوریا کی فوج کی ستر ویں سالگرہ ملک بھر میں پورے جوش و جذبے سے منائی گئی ۔ دارالحکومت پیانگ یانگ میں منعقدہ مرکزی تقریب میں صدر کِم جونگ اَن کے ہمراہ اُن کی اہلیہ اور چھوٹی بہن کے علاوہ اعلیٰ حکومتی عہدیداران نے شرکت کی ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر کم جونگ نے ملکی دفاعی صلاحیت کو بڑھانے کیلئے بڑے پیمانے پر فوجی مشقیں کرانے کا اعلان کیا ، جس کا مقصد امریکا اور اس کے حلیفوں کے خلاف جنگ کیلئے ہردم تیار رہنا ہے۔

تقریب میں فوجی پریڈ کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں ہزاروں چاک و چوبند اہلکاروں نے شرکت کی ۔ اس موقع پر جدید ترین ٹینکوں، بکتر بند گاڑیوں کے علاوہ بین البراعظمی بیلسٹک میزائلوں کی نمائش بھی کی گئی ۔

تقریب کے اختتام پر ملکی فضائیہ کی جانب سے فلائی پاسٹ کیا گیا ، فضا میں رنگ بکھیرتے جنگی طیاروں کے شاندار مظاہرے کو لوگوں نے خوب سراہا ۔