Friday, September 30, 2022

شمالی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری

شمالی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری

اسلام آباد (92 نیوز) شمالی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ ہر شے نے جیسے سفید لباس زیب تن کر لیا ہو۔
ملک کے بیشتر علاقوں میں باران رحمت کا نزول جاری ہے تو شمالی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ بھی جوبن پر ہے۔ پہاڑوں، سڑکوں، درختوں اور مکانات پر گویا سفیدی کی چادر تن گئی ہے۔
شانگلہ، ایبٹ آباد، ناران، کاغان، وادی نیلم اور مری میں ہر شے برف سے ڈھک گئی۔ قدرت کے ان حسین مناظر نے سیاحوں کو اپنے سحر میں جکڑ لیا۔
ان خوبصورت مناظر کو دیکھ کر جہاں آنکھیں باغ باغ ہو جاتی ہیں وہیں دل و دماغ میں بھی فرحت اور تسکین کی لہر دوڑ جاتی ہے۔
گاڑیوں کی چھتیں اور ونڈ اسکرینز برف کے گولوں سے لد گئی ہیں۔ برفباری دیکھنے کے دلدادہ افراد کی تو موجیں لگ گئیں لیکن متاثرہ علاقوں میں زندگی کا پہیہ جام ہو گیا۔ لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے۔
کئی کئی فٹ جمی برف کے باعث رابطہ سڑکیں بھی ٹریفک کیلئے بند ہیں۔