شفاف انتخابات کروانا نگران حکومت کی اولین ذمہ داری ہے ، ڈاکٹر حسن عسکری
لاہور (92 نیوز) نگران وزیر اعلی پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا کہ شفاف انتخابات کروانا نگران حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔ نگراں حکومتوں کی کارکردگی دیکھ کرتمام سیاسی جماعتوں کے شکوک وشبہات ضرور دور ہو جائیں گے۔
نگران وزیر اعلی پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے حلف اٹھانے کے بعد پہلی مرتبہ مزار اقبال پر حاضری دی۔
اس موقع پر انہیں رینجرز کے چاک و چوبند دستے نے سلامی بھی دی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیراعلیٰ پنجاب حسن عسکری نےکہا کہ نگراں حکومتوں کا مقصد تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں مواقع فراہم کرانا ہے۔ مقرر کردہ وقت کے لئے آیا ہوں ،صوبائی حکومتوں کا کام الیکشن کے عمل کو سہولت فراہم کرنا ہے۔
ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا کہ نگراں کابینہ چھوٹی اور غیر جانبدارانہ ہو گی ،میرا پہلے سیاسی ایجنڈا تھا نہ اب ہے ، الیکشن میں سہولت کیلئے جو تبدیلی بھی کرنا پڑی ضرور کریں گے۔
وزیر اعلی کی آمد کے موقع پر کمشنر لاہور ،مئیرلاہور سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے جبکہ اس موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔