Friday, September 20, 2024

شریف فیملی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرنیکا تفصیلی فیصلہ جاری

شریف فیملی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرنیکا تفصیلی فیصلہ جاری
February 21, 2018

اسلام آبا د( 92 نیوز ) احتساب عدالت نے نوازشریف خاندان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں مسترد کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کردیا ، فیصلے میں کہا گیا ہے کہ میڈیکل رپورٹ کے مطابق ڈاکٹرز نے کلثوم نواز کی بیماری پر کافی حد تک قابو پا لیاہے ،  ایسے میں بیماری کو حاضری سے استثنیٰ کا جواز نہیں بنایا جا سکتا ۔

جج محمد بشیرنے مسترد کی گئی درخواستوں کی وجوہات بتائے ہوئے کہا کہ میڈیکل رپورٹ میں کلثوم نوازکی کیموتھراپی کے 6سائیکلزمکمل ہوگئے ہیں اور ڈاکٹرزنے مریضہ کی بیماری پرکافی حد تک قابو پا لیا ہے ، میڈیکل رپورٹ میں  کلثوم نوازکے کینسرکے رسک کوکم کرنے اور مستقبل میں علاج کیلئے ریڈیوتھراپی کی تجویزدی گئی ہے ایسے میں کلثوم نوازکی بیماری کو حاضری سے استثنیٰ کا جواز نہیں بنایا جاسکتا۔

 تحریری حکم نامے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ویڈیو لنک بیان کے موقع پر لندن جا کر اٹارنی مقرر کرنے کا جواز بھی قابل تسلیم نہیں ۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے 15فروری کونوازشریف ، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستوں پر مختصر فیصلہ سناتے ہوئے مسترد کردی تھیں ۔