شریف خاندان کے مبینہ فرنٹ مین مشتاق عرف چینی والا کا 23 اپریل تک جسمانی ریمانڈ منظور

اسلام آباد (92 نیوز) احتساب عدالت نے رمضان شوگرملز کے مبینہ مینیجر اور شریف فیملی کے مبینہ فرنٹ مین مشتاق عرف چینی والا کو تئیس اپریل تک جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا۔
دوران سماعت نیب پراسیکیوٹر نے مؤقف اختیار کیا کہ مشتاق عرف چینی والا شہباز شریف فیملی کا فرنٹ مین ہے، اس نے سلمان شہباز کے اکاؤنٹ میں پچاس کروڑ کی ٹرانزیکشنز کیں۔
نیب نے مشتاق عرف چینی والا سے تحقیقات کے لئے پندرہ روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اتنا بڑا الزام لگایا جا رہا ہے ، اس کے کیا ثبوت ہیں۔ نیب نے مؤقف اختیار کیا کہ تمام ٹرانزیکشنز کے مکمل ثبوت موجود ہیں۔
مشتاق عرف چینی والا کے وکیل نے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا اور مؤقف اختیار کیا کہ نیب نے طلبی کا نوٹس بھی جاری نہیں کیا اور گرفتار کر لیا۔
سماعت کے بعد نیب کی ٹیم مشتاق عرف چینی والا کواحتساب عدالت سے لے کر روانہ ہو گئی۔