شریف خاندان کی احتساب عدالت میں طلبی کے سمن ایون فیلڈ پراپرٹی پر وصول

اسلام آباد (92 نیوز) سابق وزیراعظم نوازشریف اور ان کے بچے لندن میں کہاں رہ رہے ہیں؟؟ نیب نے رہائشگاہ کا پتہ چلاتے ہوئے 26ستمبر کو احتساب عدالت میں پیشی کے سمن بھجوا دیئے۔ پاکستانی ہائی کمیشن نے سمن کی وصولی کی تعمیل بھی کرا دی۔
احتساب عدالت سے شریف خاندان کے سمن جاری ہونے کے بعد نیب ٹیم بھی حرکت میں آ گئی۔ نیب نے تعمیل کے لئے سمن وزارت خارجہ کو ارسال کر دیئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت خارجہ نے عدالتی سمن وصول کرنے کے بعد لندن بھیج دیئے ہیں۔ جہاں پاکستانی ہائی کمیشن نے سمن کی وصولی کی تعمیل کرائی ہے۔ سمن ایون فیلڈ پراپرٹی پر وصول کئے گئے۔
نیب نے سابق وزیراعظم نواز شریف ، حسن ، حسین ، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو 26 ستمبر کو احتساب عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔