Thursday, September 19, 2024

شرجیل میمن کو سپریم کورٹ کے حکم پر جناح اسپتال سے سینٹرل جیل منتقل کر دیا گیا

شرجیل میمن کو سپریم کورٹ کے حکم پر جناح اسپتال سے سینٹرل جیل منتقل کر دیا گیا
February 17, 2018

کراچی (92 نیوز) پیپلز پارٹی کے رہنماء شرجیل میمن کو سپریم کورٹ کے حکم پر جناح اسپتال سے سینٹرل جیل منتقل کر دیا گیا ۔
سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں ازخود نوٹس کی سماعت ہوئی ۔ سماعت میں پی پی جیالے کی جناح اسپتال منتقلی پر سپریم کورٹ کی شدید برہمی سامنے آئی ۔
آئی جی جیل خانہ جات عدالت کے حکم پر جناح اسپتال پہنچے ۔ شرجیل میمن لاٹھی کے سہارے چلتے ہوئے باہر آئے تو آئی جی جیل خانہ جات نے جیالے رہنماء کو سینٹرل جیل منتقل کیا ۔
نصرت منگھن واپس سپریم کورٹ پہنچے تو صحافیوں نے گھیر لیا ۔
آئی جی جیل نے بتایا کہ عدالتی حکم پر عملدرآمد کر دیا ہے ۔
سماعت کے دوران جسٹس ثاقب نثار نے سخت ریمارکس دیئے اور کہا کہ کسی عدالت نے شرجیل میمن کو اسپتال بھیجنے کا نہیں کہا ۔
نصرت منگھن نے بتایا کہ شرجیل میمن کو ڈاکٹروں کی سفارش پر اسپتال منتقل کیا گیا ۔
چیف جسٹس نے کہا نیب کورٹ نے جیل میں علاج کا کہا تھا، اسپتال کیوں منتقل کیا ؟ ۔
دوسری طرف جسٹس سجاد علی شاہ نے سوال کیا کہ بتائیں ایک عام ملزم کے ساتھ ایسا سلوک اور پروٹول دیا جاتا ہے ؟
ادھر چیف جسٹس سپریم کورٹ نے اچانک جناح اسپتال کا دورہ بھی کیا اور ڈائریکٹر جناح اسپتال کو کہا آپ لکھ کر دیں کیا سہولیات نہیں ۔
ایمرجنسی کے دورے کے دوران بدبو آنے پر عملے کو ڈانٹ دیا اور دیگر وارڈز میں مریضوں کیلئے انتظامات دیکھے اور عیادت بھی کی ۔
اس موقع پر تیمارداروں نے شکایتوں کے انبار لگا دیئے ۔ اور چیف جسٹس کو بتایا کہ سفارش ہو تو ایمرجنسی میں اچھی دیکھ بھال کی جاتی ہے جبکہ کینولا اور انجیکشن تک باہر سے خریدنا پڑتا ہے ۔