شدت پسندوں پر بمباری‘ روس بھی شام میں جاری جنگ میں کود پڑا
دمشق (ویب ڈیسک) روس نے بھی شام میں جاری جنگ میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔ تفصیلات کے مطابق روس نے شام کی حدود میں شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر پہلا فضائی حملہ کیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز روسی ایوان بالا نے صدر پیوٹن کے اختیارات میں اضافہ کرتے ہوئے انہیں بیرون ممالک فوج بھیجنے کی منظوری دی تھی اور یہ حملہ روسی ایوان بالا کی منظوری کے بعد کیا گیا ہے جس کے بعد باغیوں کے خلاف جنگ میں روس بھی عملی طور پر شامل ہوگیا ہے۔
روس کی وزارت دفاع نے فضائی حملوں کی ویڈیو جاری کردی۔ واضح رہے کہ شام کی حکومت نے روس سے ملک میں فوج بھیجنے کی درخواست کی تھی تاکہ شدت پسندوں سے نمٹا جا سکے۔