Wednesday, January 26, 2022
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK) آج کا اخبار English News
English News آج کا اخبار
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK)

شجاعت عظیم کا سرکاری عہدے کا ناجائز استعمال ،نائنٹی ٹو نیوز نےثبو ت حاصل کر لئے

شجاعت عظیم کا سرکاری عہدے کا ناجائز استعمال ،نائنٹی ٹو نیوز نےثبو ت حاصل کر لئے
December 26, 2015
لاہور(92نیوز)وزیر اعظم کے سابق معاون خصوصی برائے ہوابازی شجاعت عظیم ذاتی کاروبار کو فروغ دینے کے لیے اپنے سرکاری عہدے کو ناجائز طور پر استعمال کرتے رہے نائنٹی ٹو نیوز نے دستاویزی ثبوت حاصل کر لیا۔ ایوی ایشن ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ رائل ایئرپورٹ سروسز نامی ادارہ وزیراعظم کے سابق معاون خصوصی برائے ہوابازی شجاعت عظیم کی ملکیت ہے رائل ایئرپورٹ سروسز خلیجی ممالک کی ایئر لائن کمپنیوں قطر ایئرویز، اتحاد ایئرلائن، ایمریٹس ایئرلائن اور فلائی دبئی وغیرہ کو پاکستانی ایئرپورٹس پر گراؤنڈ ہینڈلنگ کی سروسز فراہم کرتا ہے۔ نائنٹی ٹو نیوز کے پاس موجود فیصل آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے مینیجر کے اپنے سینئرز کو بھیجے گئے خط کے مطابق وزیراعظم کے سیکشن افسر برائے ہوابازی آفتاب گیلانی نے انہیں ٹیلی فون کے ذریعے آگاہ کیا کہ رائل ایئرپورٹ سروسز کی تین رکنی ٹیم فیصل آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا دورہ کرے گی۔ آفتاب گیلانی نے مینیجر سے کہا کہ وہ رائل ایئرپورٹ سروسز کی تین رکنی ٹیم کو رن وے سمیت پورے ایئرپورٹ کی مختلف تنصیبات کا تفصیلی دورہ کرائیں۔ الیکٹرک اور مکینیکل سہولیات کی فراہمی سمیت فیصل آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے متعلق تمام مطلوبہ معلومات فراہم کریں تاکہ رائل ایئرپورٹ سروسز نامی کمپنی یہ جائزہ لگا سکے کہ فیصل آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے کن ایریاز میں خامیاں ہیں اور انہیں کیسے بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ فیصل آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا دورہ کرنے والی وزیراعظم نوازشریف کے سابق معاون خصوصی برائے ہوابازی شجاعت عظیم کی ملکیتی کمپنی رائل ایئرپورٹ سروسز کی تین رکنی ٹیم کرنل ریٹائرڈ بدر خان، جنرل مینیجر ایڈمنسٹریشن ڈاکٹر عامر رشید اور جنرل مینیجر آپریشنز اینڈ کوالٹی معتصم خورشید پر مشتمل تھی۔   رائل ایئرپورٹ سروسز کی ٹیم کے دورے کے بارے میں فیصل آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے مینیجر نے اپنے سینئرز کو ایک خط بھیجا اور انہیں تمام تر تفصیلات و جزئیات سے آگاہ کیا مگر ایک معمولی افسر کی ٹیلی فون کال پر نجی ادارے کے اہلکاروں کو انتہائی حساس تنصیبات کا دورہ کرائے جانے کے واقعے کو انتہائی خاموشی کے ساتھ دبا دیا گیا۔