شاہ محمود قریشی کا چین کا ہنگامی دورہ، بیجنگ میں چینی وزیر خارجہ سے ملاقات

اسلام آباد (92 نیوز) شاہ محمود قریشی نے چین کا ہنگامی دورہ کیا جہاں انہوں نے بیجنگ میں چینی وزیر خارجہ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں کشمیر میں بھارتی مظالم اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی چین کے ہنگامی دورہ پر بیجنگ پہنچ گئے۔ دائیو تائی اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس بیجنگ آمد پر چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا پرتپاک استقبال کیا۔ سیکرٹری خارجہ سہیل محمود، وزارت خارجہ کے اعلی حکام بھی وفد میں شامل ہیں۔
پاک چین وزرائے خارجہ کے مابین ملاقات میں مقبوضہ کشمیرکی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماوں نے مودی سرکارکی جانب سے مقبوضہ کمشیر کی حیثیت ختم کرنے کے اقدام کی شدید مذمت کی۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے چینی ہم منصب کو مقبوضہ جموں و کشمیر سے متعلق غیر آئینی بھارتی اقدام اور قابض بھارتی فوج کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر آگاہ کیا ۔
دورے کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی مقبوضہ کشمیر سمیت خطے کی مخدوش صورتحال پر چینی قیادت کو اعتماد میں لیں گے۔