شاہ محمود اور امریکی ہم منصب کا ٹیلیفونک رابطہ، افغانستان وخطے کی صورتحال پر گفتگو
اسلام آباد (92 نیوز) پاکستان اور امریکا کے وزرائے خارجہ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، شاہ محمود قریشی نے امریکی ہم منصب انٹونی بلنکن کو علاقائی صورتحال سے آگاہ کیا۔
دونوں رہنماؤں کی افغانستان اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی، دونوں جانب سے افغانستان میں تشدد کے بڑھتے واقعات پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ افغانستان میں مسائل کے پُرامن حل پر بھی اتفاق کیا گیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے افغان امن عمل میں پیش رفت پر بھی گفتگو کی، شاہ محمود قریشی نے نیٹو افواج کے انخلاء کے بعد کی صورتحال پر خدشات پہنچائے۔ افغان مہاجرین کی ممکنہ آمد، سرحدی سلامتی اور دیگر اُمور بھی زیرغور آئے۔