Friday, December 3, 2021
English News آج کا اخبار براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی
English News آج کا اخبار
براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی

‘شاہی قلعہ کی دیواریں سیاحوں سے باتیں کرتی ہیں’

‘شاہی قلعہ کی دیواریں سیاحوں سے باتیں کرتی ہیں’
August 17, 2016
لاہور (92نیوز) مشہور محاورہ ہے کہ دیواروں کے بھی کان ہوتے ہیں مگر دیواروں کی زبان بھی ہوتی ہے۔ یہ محاورہ غالباً آپ نے پہلی بار سنا ہے۔ دنیا بھر میں بعض تعمیرات ایسی بھی ہیں جو اپنے آپ میں آج بھی شاہکار کا درجہ رکھتی ہیں۔ انہی تعمیرات میں سے ایک لاہور میں واقع شاہی قلعہ ہے جس کے در و دیوار آج بھی اس عظیم الشان عمارت کی داستان سنا رہے ہیں۔ شاہی قلعہ لاہورکے جنوبی احاطے میں پانچ کشادہ ایوانوں پر مشتمل شاہجہانی خواب گاہ موجود ہے۔ یہ خواب گاہ مغل بادشاہ شاہجہاں نے اپنے پہلے دورہ لاہور کے دوران 1633ءمیں تعمیر کرائی اور یہ شاہی قلعہ میں شاہجہاں کی طرف سے کرائی گئی پہلی تعمیر تھی۔ خواب گاہ میں بادشاہ کے داخل ہوتے ہی خدام ان کی آمد کا اعلان کرتے۔ ان کی آواز ہوا کے دوش پر سفرکرتے ہوئے آخری ایوان تک جاپہنچتی اور یہ کمال تھا مغلیہ طرز تعمیرکا۔ آج بھی شاہی خواب گاہ میں آنے والے دیواروں کے قریب باتیں کر کے اس دور کی یادتازہ کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ شاہی قلعہ میں آنے والے سیاح شاہی خواب گاہ کے حسن میں گم دکھائی دیتے ہیں۔ فن تعمیر کایہ نادر نمونہ مغلیہ تاریخ کا انمول موتی ہے جس کا ہر پہلو شاندار ماضی کی کہانیاں سموئے ہوئے ہے۔ شہر لاہور میں موجودمغلیہ دور کی عمارتیں شاندار ماضی کی مثال ہیں۔ شاہی خواب گاہ اس دور کے فن تعمیرات کا عظیم شاہکار ہے جو ہوا کے دوش پر آواز کے سفر کاعملی نمونہ ہے۔