Tuesday, November 29, 2022

شاہد خاقان عباسی کیخلاف ایل این جی کی درآمد، آمدن سے زائد اثاثہ جات پر تحقیقات شروع

شاہد خاقان عباسی کیخلاف ایل این جی کی درآمد، آمدن سے زائد اثاثہ جات پر تحقیقات شروع

 اسلام آباد (92 نیوز) سابق وزیر اعظم شاہد خاقان کے گرد نیب کا گھیرا مزید تنگ ہو گیا۔ ایل این جی کی درآمد  اور آمدن سے زائد اثاثہ جات پر تحقیقات شروع ہو گئی۔

 ذرائع کے مطابق نیب راولپنڈی نے شاہد خاقان عباسی سے ائیر بلیو کا تمام ریکارڈ مانگ لیا۔ نیب نے ریکارڈ کے حصول  کے لئے سول ایوی ایشن کو خط لکھ دیا ہے جس میں ائیر بلیو کی آمدن اور اخراجات کا تمام ریکارڈ جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

 ادھر سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف ایل این جی کیس میں تحقیقات آخری مراحل میں داخل ہو گئی۔ ذرائع کے مطابق نیب نے شاہد خاقان عباسی کو 25 اپریل تک جواب جمع کرانے کی آخری مہلت دے دی۔ تفتیشی افسران نے کیس کی پیشرفت سے متعلق ڈی جی نیب عرفان منگی کو آگاہ کر دیا۔

نیب راولپنڈی نے تین بار جواب جمع کرانے کی مہلت دی۔ مجموعی طور پر 6 نوٹسز جاری کیے گئے۔ شاہد خاقان عباسی تاحال مکمل جواب جمع نہیں کرا سکے۔ اثاثہ جات کی تفصیلات بھی فراہم نہیں کیں۔ ذرائع کے مطابق اب تک کے جوابات “سوال چنا جواب گندم کے مترادف ہیں”۔

 شاہد خاقان عباسی کی درخواست پر نیب نے وزارت پٹرولیم سے رابطہ کیا۔ ریکارڈ کے حصول میں بھی مدد کی۔ شاہد خاقان عباسی طلبی سے قبل مکمل جواب دینے کا دعویٰ کرتے رہے۔ نیب افسران نے پیشرفت سے حکام کو آگاہ کر دیا۔