Monday, October 3, 2022

شاہد خاقان عباسی بھی جیل سے اسپتال منتقل

شاہد خاقان عباسی بھی جیل سے اسپتال منتقل
راولپنڈی ( 92 نیوز )  این ایل جی اسکینڈل میں گرفتار سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی بھی اسپتال منتقل ہو گئے ، انہیں  اڈیالہ جیل سے نجی اسپتال لایا گیا جہاں ان کے  ہرنیا کا آپریشن کیا جائیگا ۔ جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں گرفتار سابق صدر آصف علی زرداری  پمز ،  العزیزیہ ریفرنس میں سز ایافتہ سابق وزیر اعظم نواز شریف  لاہور کے سروسز اسپتال  پہنچنے کے بعد اب  ایل این جی اسکینڈل میں گرفتار سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی بھی اڈیالہ جیل سے نجی اسپتال منتقل ہو گئے ہیں ۔ حکومت پنجاب نے دو روز قبل سابق وزیر پٹرولیم کو نجی اسپتال منتقل کرنے کی منظوری دی تھی ، گزشتہ روز بھی انہیں طبیعت ناساز ہونے پر پمز لایا گیا تھا،جہاں ان کا کارڈیک سینٹر میں چیک اپ کیا گیا تھا۔ تاہم آج ہرنیا کے آپریشن کیلئے لیگی رہنما کو نجی اسپتال منتقل کردیا گیا۔ انھیں اسپتال میں فول پروف سیکیورٹی بھی فراہم کردی گئی۔ نیب نے ن لیگ کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی کو ایل این جی کیس میں 18 جولائی کو گرفتار کیا تھا۔نیب کی جانب سے شاہد خاقان عباسی کے خلاف تاحال ریفرنس دائر نہیں کیا گیا ۔ احتساب عدالت کی جانب سے شاہد خاقان عباسی کے ریمانڈ میں کئی بار توسیع کی جا چکی ہے۔