شاہد آفریدی نے نیوزی لینڈ میں اپنے کیریئر کے آخری میچ کو یاد گار بنانے کی ٹھان لی

ویلنگٹن(سپورٹس ڈیسک)پاکستان اورنیوزی لینڈ کے درمیان ٹی ٹونٹی کا آخری اور فیصلہ کن معرکہ کل ہو گا کپتان شاہد آفریدی کہتے ہیں کہ کھلاڑی مقابلے کے لیے تیار ہیں بوم بوم نے نیوزی لینڈ کی سرزمین پر اپنے کیرئیرکے آخری میچ کو جیت کر یادگار بنانے کی خواہش کا اظہارکیا ہے۔
تفصیلات کےمطابق شاہین اور کیویز جمعہ کے روز ویلنٹنگن میں ایک بار پھر آمنے سامنے ہونگےسیریز اپنے نام کرنے کیلئے کھلاڑیوں نے میچ سے قبل باولنگ بیٹنگ اور فیلڈنگ کی خوب پریکٹس کی۔ کپتان شاہد آفریدی اس موقع پر سیریز اپنے نام کرنے کیلئے پرامید نظر آئے تاہم کہا کہ دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستان نے میزبان ٹیم کو اچھا ہدف دیا مگر باولرزتوقعات پر پورا نہیں اتر سکے محمد عامر اور عمر گل متاثر نہ کر سکے۔انہوں نے تیسرے میچ میں ایک یا دو تبدیلیوں کا بھی عندیہ دیا۔
دوسری جانب قومی کرکٹ ٹیم کے فزیو رابنسن کے مطابق فاسٹ باولر وہاب ریاض مکمل فٹ اور آخری میچ کے لیے دستیاب ہوں گےوہاب ریاض ایک روز پہلے کہنی پر گیند لگنے سے معمولی زخمی ہوئے تھے۔