Saturday, July 27, 2024

شاہد آفریدی دورہ انگلینڈ کیلئے لگائے فٹنس کیمپ میں شرکت نہیں کرینگے

شاہد آفریدی دورہ انگلینڈ کیلئے لگائے فٹنس کیمپ میں شرکت نہیں کرینگے
May 2, 2016
کراچی (92نیوز) ٹی ٹوینٹی کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے دورہ انگلینڈ کیلئے لگائے جانے والے فٹنس کیمپ میں شرکت سے معذوری ظاہر کر دی۔ تفصیلات کے مطابق شاہد آفریدی نے ٹی ٹوینٹی کی کپتانی کو تو خیرباد کہہ دیا مگر یہ ضرور کہا کہ وہ کھلاڑی کی حیثیت سے ٹی ٹوینٹی ضرور کھیلیں گے۔ اب جبکہ دورہ انگلینڈ سر پہ ہے اور رواں ماہ کے دوسرے ہفتے میں فٹنس کیمپ بھی لگایا جائے گا جس کیلئے تیس سے پینتیس کھلاڑیوں کا اعلان کیا جانا ہے عین وقت پر لالہ نے اس میں شرکت نہ کرنے کی خبر سنا دی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہد آفریدی نے بورڈ کو بتادیا کہ وہ فیملی کے ساتھ مصروف ہیں لہٰذا فٹنس کیمپ میں شرکت نہیں کر سکتے۔ بوم بوم کے فیصلے کے بعد سب سے زیادہ پریشانی لالہ کے دوست اور نئے چیف سلیکٹر انضمام الحق کو لاحق ہو گی جوکہ کہہ چکے ہیں کہ فٹنس ثابت کرنے والا ہی ٹیم کا حصہ ہو گا۔ اب پی سی بی کے بڑے اور سلیکشن کمیٹی دونوں کی مشکلات میں اضافہ ہو گا کہ لالہ کو فٹنس کیمپ میں عدم شرکت کے باعث دورہ انگلینڈ پر کیسے بھیجا جائے۔ واضح رہے قومی ٹیم نے دورہ انگلینڈ میں صرف ایک ٹی ٹوینٹی کھیلنا ہے۔