اسلام آباد: شام میں پھنسے 318 پاکستانی چارٹرڈ طیارے کے ذریعے پاکستان واپس پہنچ گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق شام سے لبنان کے شہر بیروت پہنچنے والے پاکستانی چارٹرڈ پرواز کے ذریعے وطن واپس آئے ہیں۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے پاکستان پہنچنے پر استقبال کیا، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ شام کی تازہ صورتحال کے باعث زائرین وہاں پھنس گئے تھے۔
وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستانیوں کو خیریت سے ملک واپس آنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، پاکستانیوں کی باحفاظت واپسی پر لبنان کے وزیراعظم کے شکر گزار ہیں۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے لبنانی وزیر اعظم سے رابطہ کیا تھا اور وزیر اعظم کی درخواست پر لبنان نے پاکستانی شہریوں کو ویزے جاری کئے تھے۔
خیال رہے کہ شام کے دارالحکومت دمشق میں باغیوں کے قبضے کے نتیجے میں معزول صدر بشارالاسد کے طویل مدتی اقتدار کا خاتمہ ہوگیا تھا جس کے بعد محمد البشیر کو شام میں عبوری حکومت کے وزیراعظم کے طور نامزد کیا گیا تھا۔