Saturday, July 27, 2024

شام ، باغیوں کے سرینڈر کرنے پر دمشق میں جشن، فوج کی طرف سے مٹھائی تقسیم

شام ، باغیوں کے سرینڈر کرنے پر دمشق میں جشن، فوج کی طرف سے مٹھائی تقسیم
March 25, 2018

 دمشق (92 نیوز) شام کے علاقےمشرقی غوطہ پر پانچ ہفتوں تک بم برسا کرسیکڑوں افراد کو موت کے منہ میں دھکیلنےوالےشامی فوجی باغیوں کے سرینڈر کرنے پر نہال ہو گئے اور دمشق کی سڑکوں پرمٹھائیاں تقسیم کر ڈالیں ۔

 کئی شہری بھی سڑکوں پر نکل آئے اور آنےوالے وقت کیلئے اچھی امیدوں کا اظہار کیا ۔

 شامی فوج نے اٹھارہ فروری کو شامی دارالحکومت دمشق کے نواحی علاقے مشرقی غوطہ کا محاصرہ کیا ۔ اس دوران تباہ کن بمباری اورٹینکوں سےگولہ باری کا خوفناک سلسلہ شروع کیا گیا جس نے دو ہزار کے قریب افراد کی جانیں نگل لیں ۔

 اس تباہ کن بمباری نے سے پورا شہر تباہ ہو گیا ۔ سیکڑوں عمارتیں کھنڈر بن کر بربادی کی داستانیں رقم کرنے لگیں جبکہ بھوکے پیاسے مفلوک الحال لوگوں نے علاقے سے ہجرت کا سفر شروع کیا جو تاحال جاری ہے ۔

 حکومتی بمباری اور تابڑ توڑ حملوں نے علاقہ پر قابض باغی گروپ فیلق الرحمان کی کمر توڑ دی اور وہ یکے بعد دیگرے کئی علاقوں پر کنٹرول کھونے لگا ۔

 اس باغی گروپ نے اپنے زیر قبضہ آخری دوعلاقوں میں سے ایک اور قصبہ بھی چھوڑ دیا ہے جس کے بعد اس کے پاس صرف ایک شہر ڈوما باقی بچا ہے ۔

 عربین باغیوں کے قبضہ سے نکلا تو وہاں سے ہزاروں لوگوں نے حکومتی عملداری والے علاقوں کی جانب ہجرت شروع کر دی جبکہ دمشق میں فوجیوں اور عام شہریوں نے اس کامیابی پر جشن منایا ۔ لوگ گاڑیوں پر بیٹھ کر سڑکوں پر نکل آئے جبکہ حکومتی فوجی مٹھائیاں تقسیم کرتے رہے ۔