Saturday, July 27, 2024

شامی فضائیہ کی حلب پر بمباری‘ 38 افراد ہلاک‘ 150 زخمی

شامی فضائیہ کی حلب پر بمباری‘ 38 افراد ہلاک‘ 150 زخمی
November 20, 2016

حلب (ویب ڈیسک) شامی فضائیہ کی حلب شہر پر بمباری جاری ہے۔ مزید اڑتیس افراد ہلاک جبکہ ڈیڑھ سو سے زائد شہری زخمی ہو گئے۔ حلب کے علاقے الکلاسا میں ریلی پر باغیوں کی فائرنگ سے سترہ شہری ہلاک ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق شام کے لڑاکا طیاروں نے حلب میں باغیوں کے زیر کنٹرول مشرقی علاقوں پر شدید بمباری کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ تازہ فضائی حملوں میں اڑتیس افراد ہلاک جبکہ ڈیڑھ سو سے زیادہ شہری زخمی ہوئے ہیں۔ اڑتالیس گھنٹوں کے دوران کی جانے والی شدید بمباری میں درجنوں بچوں اور خواتین سمیت ایک سو اٹھارہ افراد موت کی وادی میں جا چکے ہیں۔

بمباری کے خوف سے حلب کے مشرقی علاقوں میں قائم اسپتالوں اور طبی مراکز کی انتظامیہ نے کام بندکردیا ہے۔ شامی فضائیہ کی جانب سے حلب پر حالیہ حملوں کے دوران بچوں کے اسپتال سمیت متعدد طبی مراکز کو نشانہ بنایا گیا۔ حلب پر جاری بمباری پر اقوام متحدہ نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔