سی ڈی اے نے رہائشی علاقوں میں قائم سیاسی جماعتوں کےدفاتر سیل کر دیئے

اسلام آباد(92نیوز)سی ڈی اے اسلام آباد کے رہائشی علاقوں میں قائم مختلف سیاسی جماعتوں کے درجنوں دفاتر سیل کردئیے سیل کئے گئے دفتروں میں پاکستان تحریک انصاف پیپلز پارٹی مسلم لیگ اور جماعت اسلامی شامل ہیں ۔
تفصیلات کےمطابق وفاقی ترقیاتی ادارے کے انفورسمنٹ ڈیپارٹمنٹ نے آپریشن کا آغاز اسلام آباد کے رہائشی سیکٹر جی سکس تھری میں واقع پاکستان تحریک انصاف کے دفتر کو سیل کرکے کیا۔ دوران آپریشن پی ٹی آئی کے عملے کو دفتر سے باہر نکال دیا گیا اس دوران سی ڈی اے اہلکاروں کو پولیس کی مدد بھی حاصل تھی انفورسمنٹ ڈیپارٹمنٹ نے اگلا ہدف پاکستان پیپلز پارٹی کے دفتر کو بناتے ہوئے اسے بھی سیل کردیا ۔
سی ڈی اے کی جانب سے میلوڈی مارکیٹ کے قریب رہائشی علاقے میں قائم جماعت اسلامی کے دفتر کو بھی سیل کردیا گیا جبکہ ایف ایٹ سیکٹر میں مسلم لیگ ق کے دفتر کو بھی سیل کیا گیا۔
سی ڈی اے کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم پر رہائشی علاقوں میں غیر قانونی قائم سیاسی جماعتوں کے دفتروں کو سیل کیا گیا ہے اور اس حوالے سے دفاتر دوسری جگہ منتقل کرنے کے لئے نوٹس بھجوائے گئے تھے جس پر عملدرآمد نہیں کیا گیا۔
دوسری جانب مسلم لیگ قاف کی جانب سے سی ڈی اے آپریشن کو فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔