سی ٹی ڈی مالاکنڈ ریجن کی اہم کارروائی ، کالعدم ٹی ٹی پی سوات کا مطلوب دہشتگرد گرفتار
مالاکنڈ (92 نیوز) سی ٹی ڈی مالاکنڈ ریجن نے اہم کارروائی کرتے ہوئے کالعدم ٹی ٹی پی سوات کا مطلوب دہشتگرد گرفتار کر لیا۔
سی ٹی ڈی کے مطابق حسین علی عرف ازبک کے سر کی قیمت 30 لاکھ روپے مقرر تھی۔ دہشت گرد کے قبضے سے ایک پستول ، 2 میگزین ، 10 کارتوس اور ایک ہینڈ گرینیڈ برآمد کیا گیا۔ گرفتار کمانڈر دہشت گردی کے مختلف مقدمات میں 2016 سے مطلوب تھا۔ مذکورہ دہشتگرد نے سال 2016 میں پولیس اہلکار کانسٹیبل فضل باری کو بعد از اغواء شہید کیا تھا۔ مذکورہ دہشتگرد نے 2020 میں دوران آپریشن آرمی اور ایلیٹ فورس اہلکاروں پر فائرنگ کرکے 2 اہلکاروں کو شہید کر دیا تھا۔ 2010 میں بغرض تخریب کاری سپین جماعت بلو خان درہ میں بم نصب کیا تھا۔ گرفتار دہشت گرد کے خلاف انسدادی دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی۔ دہشت گرد سے تفتیش میں اہم انکشافات متوقع ہیں۔