Tuesday, October 4, 2022

سیہون شریف، مسافر کوچز کی مسافر وین کو ٹکر، 10 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

سیہون شریف، مسافر کوچز کی  مسافر وین کو ٹکر، 10 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

سیہون شریف (92 نیوز) سیہون شریف کے قریب المناک ٹریفک حادثے میں 10 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔ مرنے والوں میں پانچ بچے اور چار خواتین شامل ہیں۔
منزل پر پہنچنے کی جلدی میں یا ایک دوسرے سے آگے نکلنے کی کوشش میں ڈرائیورز کی غفلت اور لاپرواہی نے ہنستے بستے گھروں میں صف ماتم بچھا دیا۔
خوفناک ٹریفک حادثہ سہیون شریف میں انڈس ہائی وے پر سن کے مقام پر پیش آیا جہاں دو مسافر کوچوں نے پک اپ وین کو ٹکر مار دی جس سے مسافر وین پوری طرح تباہ ہو گئی۔
حادثے کے بعد امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچیں اور مرنے والوں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔
ریسکیو کے مطابق حادثے کا شکار وین لاڑکانہ سے سیہون آ رہی تھی جبکہ مرنے والے تمام افراد کا تعلق لاڑکانہ سے تھا۔
پولیس نے کہا کہ حادثے کے بعد دونوں مسافر بسوں کے ڈرائیور موقع سے فرار ہو گئے ہیں جن کی تلاش جاری ہے جبکہ بسوں کو تحویل میں لے لیا گیا ہے۔