Saturday, July 27, 2024

سیہون مزار پر حملہ اسلام اور انسانیت کیخلاف حملہ ہے: افغان صدر

سیہون مزار پر حملہ اسلام اور انسانیت کیخلاف حملہ ہے: افغان صدر
February 17, 2017

کابل (ویب ڈیسک) افغان صدر اشرف غنی نےسیہون شریف میں خودکش حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے مشترکہ خطرہ کا مل کر مقابلہ کرنا ہو گا۔ جمعہ کو افغان صدارتی محل سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ سیہون شریف میں مزار پر خودکش حملہ اسلام اور انسانیت کیخلاف حملہ ہے۔

انہوں نے کہا وہ سمجھتے ہیں کہ ایمانداری اور دہشت گردی سے لڑنے کے عزم کے ساتھ کسی بھی ملک میں دہشت گردوں کی تخریبی سرگرمیوں سے نمٹا جا سکتا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ افغان حکومت نے امن و استحکام کو یقینی بنانے اور دہشت گردی کے مقابلے کیلئے ہمیشہ ایمانداری اور پختہ عزم کا مظاہرہ کیا۔ افغانستان پچھلے کئی سال سےدہشت گردی کیخلاف جنگ میں قربانیاں دے رہا ہے اور امید کرتا ہے کہ دیگر ممالک بھی دہشت گردی کیخلاف جنگ میں اپنی ایمانداری ثابت کریں۔

قبل ازیں افغان چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ نے حملے کی مذمت اور پاکستانی عوام کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا ہے۔ انہوں نے اپنے ٹویٹ میں لکھا ہے کہ افغانستان لعل شہباز قلندرؒ کے مزار پر خودکش حملے کی مذمت جبکہ متاثرہ خاندانوں اور پاکستان کے عوام کے دکھ میں شریک ہے۔