Thursday, December 8, 2022

سیالکوٹ: کمانوالہ میں بیٹی پر وحشیانہ تشدد کرنے والی سوتیلی ماں گرفتار

سیالکوٹ: کمانوالہ میں بیٹی پر وحشیانہ تشدد کرنے والی سوتیلی ماں گرفتار

سیالکوٹ (92نیوز) سیالکوٹ میں بھی بچی پر تشدد کا کیس سامنے آ گیا۔ کمانوالہ میں سوتیلی ماں کا بیٹی پر وحشیانہ تشدد، پولیس نے ملزمہ کو حراست میں لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ میں تھانہ کینٹ کے علاقہ کمانوالہ میں سوتیلی ماں کا 20سالہ بیٹی کی آنکھوں میں مرچیں ڈال کر ڈنڈوں کے ساتھ وحشیانہ تشدد بچی کی چیخ و پکار سن کر اہل علاقہ نے مداخلت کر کے لڑکی کو بچالیا۔ پولیس نے ملزمہ کو حراست میں لے لیا۔

موضع کمانوالہ کے رہائشی اسلام مغل کی بیوی آٹھ سال قبل فوت ہوئی تو اس نے دوسری شادی کر لی۔ سوتیلی ماں نے 20سالہ ثناء کو گزشتہ رات آنکھوں میں مرچیں ڈال کر ڈنڈوں کے ساتھ تشدد کا نشانہ بنایا، لڑکی کے بال کاٹ دیے اور آنکھوں پر مرچیں ڈالنے کے بعد ڈنڈے مارتی رہی، لڑکی کی چیخ و پکار سن کر اہل علاقہ نے مداخلت کر کے لڑکی کو بچایا۔

متاثرہ لڑکی نے بتایا کہ سوتیلی ماں اس کو پہلے بھی تشدد کا نشانہ بناتی اور کمرے میں کئی کئی دن قید رکھتی ہے۔ ایس ایچ او کینٹ آصف گیلانی نے بتایا کہ ملز مہ رخسانہ بی بی کو حراست میں لے لیا ہے جبکہ لڑکی کا میڈیکل کروانے کے لئے بورڈتشکیل دیا جا رہا ہے۔