سیاسی جماعت کے عسکری ونگ کا اہم کارندہ سعید بھرم دبئی سے دو ساتھیوں سمیت گرفتار

کراچی (92نیوز) حساس اداروں نے انٹر پول کے ذریعے دبئی سے سیاسی جماعت کے عسکری ونگ کے اہم کارندے سعید بھرم کو دوساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا۔ ملزم ٹارگٹ کلنگ‘ بم دھماکوں‘ بھتہ خوری اور چائنا کٹنگ میں ملوث ہے۔
تفصیلات کے مطابق حساس ادارے نے دبئی میں انٹرپول کے ذریعے کارروائی کی اور سیاسی جماعت کے عسکری ونگ کا اہم کارندے سعید بھرم کو دوساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا۔ ذرائع کے مطابق ملزم سعید بھرم پولیس کو بم دھماکوں، ٹارگٹ کلنگ، پولیس پر حملوں اور بھتہ خوری میں مطلوب ہے۔
ملزم نے کراچی میں ٹارگٹ کلرز کی اپنی ٹیم بنا رکھی تھی اور اس کا نام رینجرز کو مطلوب ٹارگٹ کلرز کی فہرست میں بھی شامل ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ سعید بھرم اپنے بھائی عارفین کے ساتھ مل کر کراچی میں چائنا کٹنگ کا منظم نیٹ ورک چلاتا تھا اور جرائم سے حاصل ہونے والی آمدنی کی منی لانڈرنگ میں بھی ملوث رہا۔
سعید بھرم عرصہ دراز سے بیرون ملک مقیم ہے۔ اس نے پہلے جنوبی افریقا میں رہائش اختیار کی اور بعد میں دبئی منتقل ہو گیا۔ ملزم کی جلد وطن واپسی کا امکان ہے اور مزید انکشافات متوقع ہیں۔