Tuesday, September 17, 2024

سیاسی جماعتوں کے امیدوار اپنے حلقوں کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کروانے میں مصروف

سیاسی جماعتوں کے امیدوار اپنے حلقوں کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کروانے میں مصروف
June 10, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) الیکشن دو ہزار اٹھارہ کی گہما گہمی عروج پر ہے۔ مختلف سیاسی جماعتوں کے امیدوار اپنے اپنے حلقوں کیلئے کاغذات نامزدگی الیکشن کمیشن میں جمع کرا رہے ہیں۔ مسلم لیگ کے خواجہ آصف نے سیالکوٹ سے قومی اسمبلی  کے حلقہ  این اے  73 کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے، ان کی اہلیہ مسرت آصف خواجہ کورنگ امیدوار ہیں ۔ چودھری نثار نے راولپنڈی سے قومی اسمبلی کی ایک اور صوبائی اسمبلی کی 2 نشستوں کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں، ان کی جانب سے شیخ اسلم اور شیخ ساجد نے این اے 59، پی پی 10 اور پی پی 12 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ ادھر تحریک انصاف کے رہنما شفقت محمود نے لاہور کے حلقہ این اے ایک سو تیس سے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے الیکشن میں ن لیگ کی دھاندلی کے باوجود کامیابی ملی۔ راولپنڈی کے حلقہ این اے 61 سے تحریک لبیک کے وسیم سیفی نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرا دئیے ، جبکہ گوجرانوالہ کے حلقہ پی پی 56 سے مسلم لیگ ن کے امیدوار ریاض جٹ نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں ۔