Saturday, July 27, 2024

سیاستدان چوری کے پیسے سے الیکشن لڑ کر اقتدار میں آتے ہیں : عمران خان

سیاستدان چوری کے پیسے سے الیکشن لڑ کر اقتدار میں آتے ہیں : عمران خان
April 13, 2016
اسلام آباد (92نیوز) عمران خان نے کہا ہے کہ ان کی پارٹی چوبیس اپریل کو یوم تاسیس کی تیاری کر رہی ہے اور یہ ایک بڑا ایونٹ ہوگا۔ رائیونڈ مارچ اور اس سے پہلے کیا سرگرمیاں کرنی ہیں اس کا فیصلہ بھی کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ہمارے ملک میں اقتدار میں آکر پیسہ بنایا جاتا ہے۔ ٹیکس چوری، منی لانڈرنگ سے بڑے بڑے محلات بنائے جاتے ہیں۔ سیاستدان اسی چوری کے پیسے سے الیکشن لڑ کر اقتدار میں آتے ہیں۔ کپتان نے کہا کہ شریف برادران کی اقتدار سے پہلے اور بعد کی دولت کا موازنہ کر لیا جائے۔ ان کے پاس کتنی دولت ہوگی کہ لندن میں حسن شریف ایک گھر بیچتا ہے جس کی قیمت ساڑھے6کروڑ ہے۔ کوئی بتائے گا کہ یہ پیسہ کہاں سے آیا۔ انہوں نے کہا چودھری نثار کی پریس کانفرنس پر افسوس ہوا۔ مے فئیرفلیٹس تو پہلے سے ہی خریدے ہوئے ہیں۔ یہ کیسے کہا جاسکتا ہے کہ سارا پیسہ بعد میں بنا۔ چودھری نثار کے پاس کسی کی کرپشن کے ثبوت ہیں تو انکی ذمہ داری ہے کہ اسے پکڑیں۔ اگر فائلیں بلیک میل کرنے کیلئے رکھی ہوئی ہیں تو پکڑے گا کون؟ عمران خان نے کہا لندن میں دو کمپنیاں وائٹ کالر کرائمز کی تحقیقات کرتی ہیں‘ ان سے ملنے جا رہا ہوں۔ بھارت میں تحقیقاتی کمیشن پاناما لیکس پر 25 اپریل کو نتیجہ سامنے آ رہا ہے۔