سیاستدان بیرون ممالک سے ملنے والے سرکاری تحائف قومی خزانے میں جمع کرانا بھول گئے
اسلام آباد (92نیوز) سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی جانب سے سرکاری ہار چوری کے واقعہ کے بعد وزیراعظم نوازشریف‘ آصف زرداری، بلاول زرداری، سردار ایاز صادق اور فہمیدہ مرزا بھی چینی صدر کی جانب سے ملنے والے قیمتی اور نایاب تحائف لے اڑے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نواز شریف، سابق صدر آصف زرداری سمیت اہم شخصیات دوست ملک چین کے تحائف قومی خزانے میں جمع کرانا بھول گئے۔
تحائف توشہ خانے میں جمع نہ کروانے والوں میں بلاول بھٹو، سابق چیئرمین سینیٹ نیئر حسین بخاری اور سابق سپیکر ایاز صادق‘ سابق نگران وزیراعظم میر ہزار خان کھوسو اور سابق سپیکر فہمیدہ مرزا بھی قیمتی تحائف لوٹ کا مال سمجھ کر گھروں کو لے گئے۔
ذرائع کے مطابق کابینہ ڈویژن کا تمام شخصیات کو قیمتی تحائف توشہ خانے میں جمع کرانے کے نوٹسز بھی بھجوائے گئے لیکن تمام اہم شخصیات کے کانوں پر جوں تک نہ رینگی۔ کابینہ ڈویژن نے وزارت خارجہ کے پروٹوکول ونگ کو بھی اس معاملے سے آگاہ کیا کہ 2015ءمیں چینی صدر شی چنگ پنگ نے مختلف اہم شخصیات کو تحائف دئیے تھے۔
وزیر اعظم نواز شریف کو انڈر گلیز ڈیکوریٹڈ ویس کا قیمتی تحفہ ملا۔ آصف علی زرداری کو ریشم کے مہنگے ترین دھاگے سے بنی 100 گھوڑوں والی لاکٹ کا تحفہ دیا گیا۔
بلاول زرداری کو انڈر گلیز بلیو اینڈ وائٹ ویس دو گولڈ پینٹیڈ کا گفٹ ملا جبکہ نگران وزیراعظم میر ہزار خان کھوسو کو لائٹ بلش گرین گلیزڈ سیلاڈن باول دیا گیا۔