سہیل محمود کو نیا سیکرٹری خارجہ تعینات کرنے کا فیصلہ

ملتان (92 نیوز) پاکستان نے سہیل محمود کو نیا سیکرٹری خارجہ تعینات کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
حکومت نے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمشنر سہیل محمود کو سیکرٹری خارجہ مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملتان میں میڈیا سے گفتگو میں سہیل محمود کو سیکرٹری خارجہ لگانے کا اعلان کیا۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا سہیل محمود منجھے ہوئے سفارتکار اور مختلف ممالک میں فرائض انجام دے چکے ہیں۔ وزیر اعظم کی مشاورت سے ان کی تعیناتی کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا انہوں نے تہمینہ جنجوعہ سے بہت کچھ سیکھا۔ سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ اپریل میں فرائض سے سبکدوش ہورہی ہیں۔ تہمینہ جنجوعہ کی مدت ملازمت ختم ہونے کے بعد سہیل محمود سیکرٹری خارجہ کا عہدہ سنبھالیں گے۔