Friday, December 2, 2022

کومبنگ آپریشنز: 2داعش دہشتگردوں سمیت متعدد گرفتار

کومبنگ آپریشنز: 2داعش دہشتگردوں سمیت متعدد گرفتار

کراچی / حیدرآباد / گوجرانوالہ (92نیوز) ملک بھر میں فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں۔ سکیورٹی فورسز نے مختلف کارروائیوں میں دو دہشت گرد جبکہ غیرملکیوں سمیت درجنوں افراد کو گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی فورس نے گوجرانوالہ میں خفیہ کارروائی کے دوران 2 دہشت گرد گرفتار کر لیے۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گرفتار دہشت گردوں میں اسماعیل خلیل اور زبیر شامل ہیں جن کا تعلق دہشت گرد تنظیم داعش سے ہے۔ دونوں دہشت گردوں کے قبضہ سے بارودی مواد، 2 ڈیٹونیٹرز سمیت تخریب کاری کا دوسرا سامان برآمد کرلیا گیا۔ انہیں تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

ابتدائی تفتیش کے دوران گرفتار دہشت گردوں نے حساس تنصیبات کو ہدف بنانے کی منصوبہ بندی کا انکشاف کیا ہے تاہم مزید تفتیش جاری ہے۔ ادھر حیدرآباد میں پولیس نے سرچ آپریشن کر کے 67 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ حراست میں لئے گئے افراد میں زیادہ تعداد افغان باشندوں کی ہے۔

حیدرآباد میں پولیس کی بھاری نفری نے مارکیٹ ٹاور، ڈاکٹرز ہاسٹل، پٹھان کالونی، ہیرآباد سمیت مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران 67 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق سول اسپتال سے ملحقہ ڈاکٹرز ہاسٹل سے 22 ایسے افراد کو حراست میں لیا گیا جو غیرمتعلقہ تھے لیکن ہاسٹل میں رہائش پزیر تھے جبکہ دیگر علاقوں میں کارروائی کے دوران 45 افراد کو حراست میں لیا گیا جن میں زیادہ تر افغان باشندےہیں جو غیرقانونی طور پر مقیم تھے، حراست میں لئے گئے۔

کراچی میں جوہرآباد پولیس نے کارروائی کر کے ایک منشیات فروش گرفتار کرلیا جبکہ مختلف علاقوں میں پولیس نے کومبنگ آپریشن کے دوران اکتالیس غیرملکیوں کو حراست میں لے لیا۔ جوہرآباد پولیس نے کارروائی کر کے ملزم نادر کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے منشیات برآمد کرلی گئی۔ ملزم کے خلاف نارکوٹکس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔

دوسری جانب فارن ایکٹ کے تحت کارروائی کے دوران سائٹ اے پولیس نے کارروائی کر کے 26 غیرملکی گرفتار کرلیے جبکہ پیرآباد میں آٹھ، اورنگی میں چار، الفلاح پولیس نے کارروائی کر کے 3 غیرملکیوں کو گرفتار کرلیا۔