سکیورٹی اداروں کی یونیفارم کی کھلے عام فروخت کیخلاف حکومت سے جواب
لاہور (92نیوز) ہائیکورٹ نے پولیس‘ رینجرز اور فوج کے یونیفارم کی کھلے عام فروخت کےخلاف درخواست پر وزارت داخلہ پنجاب سے پندرہ روز میں جواب طلب کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق جسٹس اعجازالاحسن نے اشتیاق چودھری ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی جس میں فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی یونیفارم کی کھلے عام فروخت کو چیلنج کیا گیا ہے۔
درخواست گزار وکیل نے یہ اعتراض اٹھایا کہ ملک میں پہلے ہی امن وامان کامسئلہ ہے اور دہشت گردی کی واقعات میں ملوث دہشت گرد وں نے فوج اور دیگر اداروں کے یونیفارم کا استعمال کیا ہے۔
سماعت کے دوران عدالت نے سرکاری وکیل سے استفسار کیا کہ کس قانون کے تحت قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے یونیفارم کی سرعام فروخت ہو رہی ہے۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ جس کا دل کرے وہ وردی پہن لیتا ہے۔ درخواست گزار اشتیاق چودھری نے استدعا کی فوج ، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی یونیفارم کی کھلے فروخت پر پابندی عائد کی جائے۔