Saturday, July 27, 2024

سکھر : صالح پٹ کے دیہات میں بچوں کو معذور کرنیوالی پراسرار بیماری پھیل گئی

سکھر : صالح پٹ کے دیہات میں بچوں کو معذور کرنیوالی پراسرار بیماری پھیل گئی
August 4, 2016
سکھر (92نیوز) سکھر کے ریگستانی علاقے تحصیل صالح پٹ کے کئی دیہات میں پراسرار بیماری پھیلنے لگی جس کا شکار ہوکر کئی افراد خصوصاً بچے معذور ہورہے ہیں۔ ہاتھوں اور پیروں کو ناکارہ کرنے والی یہ بیماری پولیو ہے یا کچھ اور ابھی تک معلوم نہیں ہو سکا۔ تفصیلات کے مطابق سکھر میں بچے معذور ہونے لگے۔ چلنے پھرنے سے قاصر کرنے والی یہ بیماری کیا ہے؟ اہل علاقہ خوف و ہراس کا شکار ہیں۔ سکھر کے صحرائی علاقہ تحصیل صالح پٹ کے متعدد گاو¿ں اس پراسرار بیماری کی لپیٹ میں ہیں جو ہاتھوں اور پیروں کو ناکارہ کر رہی ہے۔ پانچ سالہ علی گل ولد جانب علی چاکرانی، چھ سالہ راشد احمد ولد ممتاز چاکرانی، چھ سالہ بخشن خان ولد ہارون چاکرانی، پانچ سالہ اسلام ولد پیر ڈنو چاکرانی، حسینہ خاتون ولدالھورایو، آٹھ سالہ مجاہد حسین ولد مرید چاکرانی، لال بخش ولد خدا بخش چاکرانی سمیت کئی افراد چلنے پھرنے سے محروم ہو چکے ہیں۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ کے حلقے میں موجود ان دیہات میں ہسپتال اور ڈاکٹر کی سہولت بھی میسر نہیں۔ پریشانی کا شکار علاقہ مکینوں نے حکومت سے ڈاکٹروں کی ٹیم بھیجنے کا مطالبہ کیا ہے۔