Saturday, July 27, 2024

سکرین ایکٹرز گلڈ ایوارڈز تقریب‘ اداکار ادریس ایلبا دو ایوارڈز لے اڑے

سکرین ایکٹرز گلڈ ایوارڈز تقریب‘ اداکار ادریس ایلبا دو ایوارڈز لے اڑے
January 31, 2016
کیلیفورنیا (ویب ڈیسک) سکرین ایکٹرز گلڈ ایوارڈز کی بائیسویں سالانہ تقریب گزشتہ شب لاس اینجلس میں منعقد ہوئی۔ یہ میلہ چھوٹی اور بڑی سکرین کے بہترین اداکاروں میں ایوارڈز کی تقسیم کیلئے ہر سال سجایا جاتا ہے۔ ہالی وڈ اداکاروں کی کہکشاں میں تقریب کا بڑا مقابلہ فلم ”سپاٹ لائٹ“ نے جیت لیا۔ تحقیقی صحافت پر مبنی اس فلم میں کیتھولک چرچ میں بچوں کیساتھ بدسلوکی کے سکینڈلز کو موضوع بنایا گیا ہے۔ خیال رہے کہ سکرین ایکٹرز گلڈ ایوارڈز کو آسکر ایوارڈز کے ہم پلہ تصور کیا جاتا ہے۔ بہترین اداکاری کا مظاہرہ کرنے پر اداکار ادریس ایلبا نے دو ایوارڈ جیتے۔ یہ پہلا موقع تھا کہ کسی اداکار نے اس تقریب میں دو ایوارڈ سمیٹنے کا اعزاز حاصل کیا۔ انہوں نے ”بیسٹس آف نو نیشن“ اور ”لدھر“ میں بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کرنے پر ایوارڈ تھامے۔ لیو نارڈو ڈی کیپریو نے ”دی ریوینینٹ“ میں بہترین اداکاری اور اداکارہ بری لارسن نے فلم ”روم“ کے لیے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ جیتا۔ ٹیلیویژن کی سب سے اچھی کاسٹ کا ایوارڈ ”اورینج از دی نیو بلیک“ اور ”ڈاﺅن ٹن ابے“ کے نام ٹھہرا۔ ہالی وڈ فلم ”میڈ میکس : فری روڈ“ اور معروف ٹی وی سیریز ”گیمز آف تھرونز“ نے بھی ایوارڈ اپنی جھولی میں ڈالے۔ قبل ازیں فلمی ستاروں کے زرق برق ملبوسات نے ایوارڈز تقریب کو چار چاند لگا دیے۔ تقریب میں اداکارہ سورس رونان‘ الیشیا ویکنڈر‘ بری لارسن‘ اداکار ادریس البا‘ ویولا ڈیوس‘ رمی ملک اور سٹریٹ آوٹا کومپٹن کی کاسٹ شریک ہوئی۔ دیگر اداکاروں میں ہیلن میرین‘ کیٹ ونسلیٹ‘ نکول کڈ مین‘ ان کے شوہر کیتھ اربن‘ رونی مارا‘ راشل مکیڈمز کلئردینزٹینا فے، کرسٹین وگ ،سوسن ساراڈن ،جیکب ٹریمبلی‘ ادریس البا کی صاحبزادی ایسان ایلبا‘ سارہ سلورمین‘ جولیا لوئس‘ کوئین لطیفہ ،برائن کرانسٹن ایدی ریڈمائن بھی شریک ہوئے۔