Saturday, October 1, 2022

سپینش کلب سیویلا نے یوروپا کپ کا ٹائٹل مسلسل تیسری بار جیتنے کا اعزاز حاصل کر لیا

سپینش کلب سیویلا نے یوروپا کپ کا ٹائٹل مسلسل تیسری بار جیتنے کا اعزاز حاصل کر لیا
جنیوا (ویب ڈیسک) سپین کے سب سے پرانے کلب سیویلا نے رائٹ بیک کوک کے 2 گولز کی بدولت یوروپا کپ کے فائنل میں لیور پول کو شکست دے کر لگاتار تیسرے سال ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق سوئٹزرلینڈ کے شہر بیسل میں کھیلے گئے فائنل کیلئے لیورپول کی ٹیم میدان میں اتری تو وہ یوروپا کپ جیتنے کیلئے پرعزم تھی لیکن سیویلا نے اس کی امیدیں خاک میں ملا دیں۔ میچ آغاز سے ہی انتہائی سنسنی خیز رہا۔ لیورپول نے ڈینیئل اسٹریج کے گول کی بدولت 25ویں منٹ میں برتری حاصل کر لی جو پہلے ہاف کے اختتام تک برقرار رہی۔ پہلے ہاف کی زخم خوردہ سیویلا نے دوسرے ہاف کیلئے میدان میں اترتے ہی عزائم ظاہر کر دیے اور دوسرے ہاف کے پہلے ہی منٹ میں کیون گمیرو کے گول کی بدولت مقابلہ 1-1 سے برابر کردیا۔ میچ کے 64ویں منٹ میں سیویلا کے کپتان اندوجر کوک نے خوبصورت گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔ 70ویں منٹ میں کوک نے ایک بار پھرگول کر کے ٹیم کی برتری دگنی کردی۔ ایک موقع پر میچ کے دوران تنازع بھی شروع ہوا مگر شکست لیورپول کی قسمت میں لکھی جا چکی تھی۔ یوں سیویلا نے فائنل تین ایک کی برتری سے جیت لیا۔