Monday, January 30, 2023

سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود حسین لوائی،عبدالغنی مجید کو اڈیالہ جیل منتقل نہ کیا جاسکا

سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود حسین لوائی،عبدالغنی مجید کو اڈیالہ جیل منتقل نہ کیا جاسکا
کراچی ( 92 نیوز) جیالی سرکار کا محکمہ جیل سپریم کورٹ کی حکم عدولی پر اتر آیا ۔  منی لانڈرنگ کیس کے مرکزی ملزم حسین لوائی اور اے جی مجید کو کراچی میں سماعت کےبعد دوبارہ اڈیالہ جیل منتقل نہیں کیا، ادھر جے آئی ٹی نے کارڈیو اسپتال کا دورہ کرکے انور مجید کے علاج کی تفصیلات معلوم کیں۔ محکمہ جیل خانہ جات سندھ منی لانڈرنگ کے ملزمان پر مہربان ہوگیا، حسین لوائی اور اے جی مجید کو کراچی کی بینکنگ کورٹ میں پیشی کےبعد ملیر جیل سے دوبارہ اڈیالہ جیل منتقل نہیں کیا۔ اڈیالہ جیل حکام فکرمند ہوئے اور  سندھ سرکار کو خط لکھ دیا، جس میں دونوں بااثر قیدیوں کی حوالگی کی درخواست کی گئی ہے، خط میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ قیدیوں کو اڈیالہ منتقل نہ کرنا سپریم کورٹ احکامات کی خلاف ورزی ہے۔ سپریم کورٹ مرکزی ملزم انور مجید کی بھی اڈیالہ منتقلی کا حکم دے چکی ہے تاہم وہ قومی ادارہ برائے امراض قلب میں زیر علاج ہیں، ادھر جے آئی ٹی نے اچانک اسپتال کا دورہ کرکے انور مجید کے علاج کی تفصیلات معلوم کیں ۔ ذرائع کے مطابق اسپتال انتظامیہ نے جے آئی ٹی کو انور مجید کی صحت اور علاج سے متعلق مکمل آگاہی فراہم کی۔