سپریم کورٹ کراچی رجسٹری نے کے الیکٹرک کو شہری حکومت کے محکموں کی بجلی کاٹنے سے روک دیا

کراچی (92 نیوز) سپریم کورٹ کراچی رجسٹری نے کے ایم سی اور کے الیکٹرک میں واجبات کے تنازعے پر کے الیکٹرک کو شہری حکومت کے محکموں کی بجلی کاٹنے سے روک دیا۔
سندھ حکومت کو 5 قسطوں میں واجبات کی ادائیگی اور اختیارات کا مسئلہ حل کرنے کا حکم دیدیا۔ جسٹس سجاد علی شاہ نے کہا کہ سیاسی کھنچا تانی نے عوام کا بیڑؑا غرق کردیا، کسی کو احساس نہیں۔
جسٹس مقبول باقر نے ریمارکس دیئے کہ شہر سے اتنا ریونیو لیتے ہیں، کیا خرچ نہیں کرنا، مئیر کراچی وسیم اختر نے بتایا کہ اختیارات ہیں نہ فنڈز، واجبات ادا نہیں کرسکتا، کے الیکٹرک کے وکیل نے کہا کہ ادھار پر بجلی بنارہے ہیں، واجبات دلوائے جائیں۔
ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے کہا کہ حکومت مزید فنڈز نہیں دے سکتی۔ جسٹس سجاد علی شاہ نے ریمارکس دیے کہ کے ایم سی کو علیحدہ کیوں سمجھتے ہیں۔ مئیر کراچی نے بتایا کہ ہمارے واجبات دیے جائیں تو بل ادا کردیں گے، وسائل کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔
عدالت نے مئیر کراچی سے اختیارات، ریونیو کی تفصیلات طلب کر لی۔ جسٹس مقبول باقر نے کہا کہ اختیارات کا معاملہ ہم طے کریں گے۔ مئیر کراچی نے کہا کہ وفاقی حکومت کے فارمولے پر عمل کیا جائے تو مسئلہ حل ہوجائے گا۔