Saturday, July 27, 2024

سپریم کورٹ کا فیصلہ قانونی طور پر بالکل درست ہے ، فواد چودھری

سپریم کورٹ کا فیصلہ قانونی طور پر بالکل درست ہے ، فواد چودھری
January 14, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز ) وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ  ایون فیلڈ  کیس سےمتعلق نیب کی اپیل پر سپریم کورٹ کا فیصلہ قانونی طور پر بالکل درست ہے ۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے نوازشریف کی سزا معطلی کے خلاف سپریم کورٹ کے فیصلے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ  سپریم کورٹ کا فیصلہ قانونی طور پر بالکل درست ہے، ضمانت کی منسوخی کیلئے غیر معمولی وجوہات درکار ہوتی ہیں۔ فواد چودھری کا کہنا تھا کہ  اس فیصلے سے عملی صورتحال میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، نواز شریف کی سیاست ہمیشہ کیلئے ختم ہو چکی ہے، ن لیگ ایک اہم سیاسی جماعت ہے انھیں نئی قیادت منتخب کرنی چاہئے۔ جسٹس ریٹائرڈ شائق عثمان نے معاملے پر 92 نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ  نیب کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ جانا ہی نہیں چاہئے تھا ، نیب اپیل میں سقم موجود تھے ۔ عموماً  نیب ایسے کیسز میں اپیل نہیں کرتی ، لیکن یہاں ایک سیاسی ماحول  اور لڑائی جھگڑے ہو رہے ہیں ، اس بنا پر نیب نے اپیل کر دی ہو گی ، میرے خیال سے انہیں انتظار کرنا چاہئے تھا۔ جسٹس ریٹائرڈ شائق عثمان نے کہا کہ  جب کوئی کورٹ کسی معاملےکو دیکھتی ہے تو پوری طرح کیس کو نہیں دیکھتی  بلکہ  گنجائش دیکھتی ہے کہ کسی کو بلا وجہ جیل میں نہ ڈالا جائے ۔