Saturday, July 27, 2024

سپریم  کورٹ کا بحریہ ٹاؤن کو دی جانیوالی نجی اراضی کی منتقلی اور تعمیرات روکنے کا حکم

سپریم  کورٹ کا بحریہ ٹاؤن کو دی جانیوالی نجی اراضی کی منتقلی اور تعمیرات روکنے کا حکم
August 1, 2016
کراچی (92نیوز)سپریم کورٹ نےبحریہ ٹاؤن کو دی جانیوالی دوسوچوالیس ایکڑنجی اراضی  کی منتقلی اور اس پر تعمیرات روکنے کا حکم دیدیا ۔عدالت نے یہ حکم نیب کو فراہم کی گئی اراضی سے متعلق نیب کی رپورٹ عدالت میں پیش کئے جانے کے بعد دیا۔ تفصیلات کےمطابق سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں جسٹس امیر ہانی مسلم کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے بحریہ ٹاون کو نجی زمین کی منتقلی کیس کی سماعت کی تو نیب نے زمینوں کی تبدیلی اور یکجا کرنے پر خفیہ انکوائری رپورٹ پیش کردی اور استدعا کی کہ رپورٹ خفیہ ہی رکھا جائے، عدالت نےاستدعا منظور کرلی،رپورٹ کے ساتھ سروے آف پاکستان کے تحت کیا گیا سروے اور نقشہ بھی پیش کیا گیا۔ سروےآف پاکستان میں بتایا گیا کہ بحریہ ٹاؤن کے قبضے میں بارہ ہزار ایک سو چھپن ایکڑ زمین ہے،جس پر جسٹس امیر ہانی مسلم نے ریمارکس دیے کہ نیب رپورٹ میں اصل ذمے داروں کو نظر انداز کیا گیا، پراسیس کرنے والے ماتحت کو ملزم ظاہر کیا جارہا ہے۔  پراسیکوٹر جنرل نیب وقاص ڈار نے بتایا کہ انکوائری مکمل نہیں ہوئی،مزید وقت دیا جائے، عدالت نے استفسار کیا کہ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کا کردار کہاں ہے؟ فاروق نائیک نےاستدعا کی کہ نیب کو ہدایت کریں کسی بے گناہ کو نہ پھنسایا جائے، جسٹس امیر ہانی مسلم نے کہا کہ بتایا جائے نجی زمین منتقل یا تبدیل کی جاسکتی ہے،ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے جواب دیا کہ نجی زمین تبدیل یا منتقل نہیں کی جاسکتی۔ عدالت نے بحریہ ٹاؤن کو دی گئی دو سو چوالیس ایکڑنجی زمین کی منتقلی اوراس پر تعمیرات سےروک دیا اور نیب کو زمینوں کی غیرقانونی منتقلی پر انکوائری مکمل کرنے کیلئےدوماہ کی مہلت دیدی،عدالت نےحکم دیا کہ ایم ڈی اے کو پابند کیا جائے کہ بحریہ ٹاون کو مزید کوئی زمین منتقل نہ کرے۔