Friday, March 29, 2024

سپریم کورٹ نے 16 ہزار برطرف ملازمین کو مشروط بحال کر دیا

سپریم کورٹ نے 16 ہزار برطرف ملازمین کو مشروط بحال کر دیا
December 17, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) سپریم کورٹ نے 16 ہزار برطرف ملازمین کو مشروط بحال کر دیا۔ عدالت نے ملازمین کی بحالی کیس کا از خود کا اختیار استعمال کرکے فیصلہ سنایا۔

سپریم کورٹ کے لارجر بینچ نے  16 ہزار ملازمین کی برطرفی کی نظر ثانی اپیلیں خارج کرتے ہوئے گریڈ ایک سے 7 تک کے ملازمین کو بحال کر دیا۔ جسٹس عمر عطا بندیال نے گزشتہ روز محفوظ کیا گیا فیصلہ پڑھ کر سنایا۔ عدالتی فیصلہ چار ایک کی اکثریت سے کیا گیا۔ جسٹس منصور علی شاہ نے اختلافی نوٹ میں نظرثانی درخواستیں منظور کر لیں۔

سپریم کورٹ  نے ازخود نوٹس کا اختیار استعمال کرتے ہوئے ملازمین کو نکالی گئی تاریخ  پر بحال کیا ۔ فیصلے میں 1996 سے 1999 تک برطرف ہونے ملازمین بحال کیے گئے ہیں ۔ فیصلے کے مطابق گریڈ 8 سے اوپر کے  جن ملازمین نے بھرتی کے وقت درکار ٹیسٹ نہیں دئیے تو اب  انہیں ٹیسٹ دینا ہو گا ۔ ملازمین کو انہی گریڈ پر ہی بحال کیا جائے گا جس پر برطرفی ہوئی تھی۔

عدالتی فیصلے میں کیا گیا ہے کہ  2010 کا قانون آئین سے متصادم ہے ۔ مس کنڈکٹ اور کرپشن پر نکالے گئے ملازمین بحال نہیں ہونگے۔ سپریم کورٹ نے کیس کا تحریری فیصلہ بھی جاری کر دیا۔