Saturday, December 9, 2023

سپریم کورٹ نے مئیر اسلام آباد اختیارات معاملہ پر کمیٹی تشکیل دیدی

سپریم کورٹ نے مئیر اسلام آباد اختیارات معاملہ پر کمیٹی تشکیل دیدی
June 1, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) سپریم کورٹ نے مئیر اسلام آباد اختیارات معاملہ پر کمیٹی تشکیل دے دی، سیکرٹری داخلہ، چیئرمین سی ڈی اے اور مئیر اسلام آباد پر مشتمل کمیٹی کو اختیارات کے مسئلہ کو حل کرنے کا حکم دیدیا۔ سپریم کورٹ نے میئر اسلام آباد کیس کی سماعت کے دوران مئیر اسلام آباد شیخ انصر عزیز کی سخت سرزنش کی۔ چیف جسٹس نے مئیر اسلام آباد سے استفسار کیا، آپ نے اسلام آباد کیلئے اب تک کیا ہی کیا ہے، آپکی مئیر کے کام میں دلچسپی نہیں ہے تو عہدہ چھوڑ دیں، مئیر اسلام آباد نے جواب دیا، عدالت نے مجھے اختیارات دینے کا حکم دیا حکومت عمل نہیں کر رہی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے میئر صاحب دوبارہ الیکشن میں عوام کے سامنے کیسے جائیں گے؟ میئر صاحب کیا آپ من و سلوی کے انتظار میں ہیں؟ میئر صاحب لکیر کے فقیر نہ بنیں، آپ منتخب نمائندے ہیں جرات دکھائیں، آپ زیادہ وقت تو پاکستان کے باہر ہی رہتے ہیں، لیکن اس مرتبہ لگتا ہے کرونا کی وجہ سے آپ یہاں پھنسے ہوئے ہیں۔ جسٹس عمر عطا بندیال نے دوران سماعت ریمارکس دیئے، نعمت اللہ خان اور شجاع الرحمان لیجنڈ میئرز تھے، ہم نے میئرز کو اپنے ہاتھ سے کام کرتے دیکھا ہے نہ کہ لیٹر بازی کرتے، اسلام آباد گندہ پڑا ہے، دس ہزار کا عملہ کیا کر رہا ہے، عدالت نے مئیر اسلام آباد اختیارات معاملہ پر کمیٹی تشکیل دیکر ایک ماہ میں رپورٹ طلب کر لی۔