Tuesday, September 17, 2024

سپریم کورٹ میں اصغر خان عملدرآمد کیس کی سماعت ، نواز شریف پیش نہ ہوئے

سپریم کورٹ میں اصغر خان عملدرآمد کیس کی سماعت ، نواز شریف پیش نہ ہوئے
June 6, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز) سپریم کورٹ میں اصغر خان کیس کی سماعت ہوئی ، جاوید ہاشمی سپریم کورٹ میں پیش ہو گئے جب کہ نواز شریف  ایک گھنٹے کی مہلت کے باوجود پیش نہ ہوئے ۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے اصغر خان عملدرآمد کیس کی سماعت کی ۔ سماعت کے آغاز پر جسٹس ثاقب نثار نے استفسار کیا کہ  نواز شریف کہاں ہیں؟،انہیں نوٹس دیا تھا وہ کیوں نہیں آئے؟  ،اگر نواز شریف اسلام آباد میں ہیں تو وہ ایک گھنٹے میں عدالت میں پیش ہوں۔ اٹارنی جنرل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ نواز شریف اس وقت احتساب عدالت میں ٹرائل کا سامنا کر رہے ہیں ،جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ نواز شریف کے وکیل ہیں، تو ان کو بھجوا دیں۔ سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ جاوید ہاشمی یہاں موجود ہیں، ان سے پوچھتے ہیں کہ انہوں نے پیسے لیے تھے؟ ،جس پر جاوید ہاشمی نے جواب دیا کہ انہوں نے پیسے نہیں لیے ۔ سماعت کے دوران اعتزاز احسن نے عدالت کو بتایا کہ خورشید شاہ کے نام بھی نوٹس جاری ہوا  مگر ان کا اس کیس میں نام نہیں ہے۔جس پر عدالت نے یہ کہہ کر خورشید شاہ کو جاری نوٹس واپس لے لیا کہ یہ نوٹس غلطی سے جاری ہوا۔ مرزا اسلم بیگ  نے کہا کہ میرے کیس کا فیصلہ فوج نہیں عدالت کرے ، چیف جسٹس نے کہا کہ آپ درخواست دیں ہم اسکا جائزہ لیں گے۔ وقفے کےبعد چیف جسٹس نے استفسار کیا کیا  نواز شریف آ گئے ہیں؟،   اٹارنی   جنرل نےعدالت کوبتایا کہ نوازشریف وکیل کا بندوبست کررہے ہیں ،وہ  اپنے وکیل کے ذریعے پیش ہوں گے۔ عدالت نے نوازشریف کو وکیل کرنے  کی مہلت دیتےہوئے  سماعت 12 جون تک ملتوی کردی۔