Sunday, September 25, 2022

سپریم کورٹ ، حدیبیہ کیس کھولنے کیلئے اپیل پر سماعت کل تک ملتوی

سپریم کورٹ ،  حدیبیہ کیس کھولنے کیلئے اپیل پر سماعت کل تک ملتوی

اسلام آباد ( 92 نیوز ) حدیبیہ کیس کھولنے کیلئے سپریم کورٹ میں اپیل پر سماعت کل تک ملتوی کر دی گئی ۔جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیئے پیسے ادھرچلے گئے ادھرچلے گئے یہ کہانیاں ہیں ۔ پراسیکیوشن نے چارج کے متعلق بتانا ہوتا ہے ۔ ڈپٹی پراسیکیوٹر نیب نے دلائل دیتے ہوئے کہا جے آئی ٹی نے حدیبیہ کیس کھولنے کی سفارش کی ۔ منی ٹریل حدیبیہ ملز سے جڑی ہے ۔
سپریم کورٹ میں حدیبیہ پیپر ملز کیس کی سماعت شروع جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی ۔ ڈپٹی پراسیکیوٹر عمران الحق نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ جے آئی ٹی نے حدیبیہ ریفرنس کھولنے کی سفارش کی ۔ منی ٹریل حدیبیہ پیپر مل سے جڑی ہے ، اسی لیے اس کیس کو دوبارہ کھولنے کا کہا گیا ۔ ریکارڈ سے ثابت ہوتا ہے ستمبر 1991 میں شریف خاندان نے منی لانڈرنگ کا آغاز کیا۔
نیب کے وکیل کا کہنا تھا کہ حدیبیہ کا ذکر پانامہ فیصلے میں نہیں ۔ جسٹس مشیرعالم کا کہنا تھا کہ ہم نے صرف اکثریتی فیصلہ پڑھنے کا کہاہے ۔ پانامہ فیصلے کو حدیبیہ کے ساتھ کیسے جوڑیں گے۔
جسٹس قاضی فائز عیسی نے کہا کہ جے آئی ٹی نے اپنی رائے دی ہے مجرمانہ عمل کیا ہے وہ بتادیں؟ ، ممکن ہے یہ انکم ٹیکس کامعاملہ ہو ۔ پیسے ادھرچلے گئے ادھرچلے گئے یہ کہانیاں ہیں۔
وکیل نیب نے عدالت کو بتایا کہ فارن اکاؤنٹ منجمد کرنے سے پہلے ملزمان نے اپناپیسہ نکلوا لیا تھا۔
جسٹس مشیر عالم نے استفسار کیا کہ اکاؤنٹ سے پیسے کس نے نکلوائے نام بتائیں ۔ وکیل نیب نے کہا کہ اسحاق ڈار نے بیان میں رقوم کے نکلوانے کا اعتراف کیا جس پر جسٹس مشیر عالم نے کہا کہ ایسی صورت میں متعلقہ دستاویزات ہمارے سامنے ہونی چاہیے ۔
جسٹس قاضی فائزعیسی نے کہا کہ بیانات چھوڑیں شواہد بتائیں ۔ عدالت نے کیس کی سماعت کل ساڑھے 11 بجے تک ملتوی کردی ۔